پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود، مصنوعی قلت برداشت نہیں کی جائے گی: احد چیمہ

پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود، مصنوعی قلت برداشت نہیں کی جائے گی: احد چیمہ
کیپشن: پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود، مصنوعی قلت برداشت نہیں کی جائے گی: احد چیمہ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور ایندھن کی قلت کا کوئی خدشہ نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مصنوعی قلت پیدا کرکے منافع خوری کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

احد چیمہ کی زیر صدارت گندم اور پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی سے متعلق اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چیف سیکریٹریز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت صوبوں میں گندم کی طلب اور رسد معمول کے مطابق ہے اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔

اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی، ذخائر اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ممکنہ ذخیرہ اندوزی کے خدشات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکریٹریز سے کہا گیا کہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث پیٹرول پمپس اور کمپنیوں کے خلاف کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں سے مکمل تعاون کیا جائے۔

وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ منافع خوری یا مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق کارروائی صرف ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع کمانے والوں کے خلاف ہوگی، جبکہ جائز کاروبار کرنے والے ڈیلرز اور کمپنیوں کو بلاجواز ہراساں نہیں کیا جائے گا۔

احد چیمہ نے مزید کہا کہ اگر کسی صوبے میں گندم کی اضافی ضرورت پیش آئی تو اسے پاسکو کے ذخائر سے فوری طور پر پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گندم کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام اور کاشتکاروں کے مفادات کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Watch Live Public News