امریکی حملوں کے جواب میں ایران کے بحرین، کویت، قطر اور اردن میں امریکی تنصیبات پر حملے

امریکی حملوں کے جواب میں ایران کے بحرین، کویت، قطر اور اردن میں امریکی تنصیبات پر حملے
کیپشن: امریکی حملوں کے جواب میں ایران کے بحرین، کویت، قطر اور اردن میں امریکی تنصیبات پر حملے

ویب ڈیسک: ایران نے امریکا کی جانب سے مسلسل چھٹے روز فضائی حملوں کے بعد بحرین، کویت، قطر اور اردن میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ متعلقہ ممالک نے متعدد حملوں کو ناکام بنانے کی اطلاعات جاری کی ہیں۔

ایرانی فوج کے مطابق بحرین کے سخیر بیس پر تعینات امریکی ہیلی کاپٹروں اور جاسوس طیاروں کو ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی حکام کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ کویت میں امریکی میزائل دفاعی نظام کی ایک بیٹری پر ڈرون حملہ کیا گیا، جس کے بعد علاقے میں دھوئیں کے بادل دیکھے گئے۔

دوسری جانب کویت کی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ملکی فضائی حدود میں 32 ڈرونز کی نشاندہی کی گئی، جنہیں بروقت کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا گیا۔

کویتی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل سعود عبدالعزیز العطوان کے مطابق ایرانی ڈرون حملوں کا ہدف ملک کی متعدد اہم تنصیبات تھیں، تاہم مسلح افواج نے تمام ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ تباہ کیے گئے ڈرونز کا ملبہ مختلف رہائشی علاقوں میں گرا، جس سے محدود مالی نقصان ہوا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ کویتی مسلح افواج قومی سلامتی، شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر مستعد ہیں اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

ادھر قطر کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے ملک کو نشانہ بنانے والا میزائل حملہ ناکام بنا دیا۔ وزارت نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایک میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک بچہ زخمی ہوا، جسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

Watch Live Public News