(ویب ڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں اور ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 24 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بنوں میں حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں مزید تیز،بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 24 دہشت گرد گزشتہ 24 گھنٹوں میں مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ،ہلاک دہشت گرد متعدد کارروائیوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں میں گاڑی میں نصب خودکش بم حملے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہے،دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انجام تک پہنچایا جائے گا، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم بلا تعطل جاری ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ "عزمِ استحکام" کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔