عمران خان کو لمبے عرصے تک قید کرنےکامنصوبہ ہے،علی امین گنڈاپور

عمران خان کو لمبے عرصے تک قید کرنےکامنصوبہ ہے،علی امین گنڈاپور
کیپشن: عمران خان کو لمبے عرصے تک قید کرنےکامنصوبہ ہے،علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ مینڈیٹ چور حکومت ایک نحوست ہے اور جس نے اسے مسلط کیا اس پر بھی اس کے اثرات پڑ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق علی امین گنڈاپور نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری طرف سے تمام اہل اسلام کو عید قرباں کی مبارکباد، جو صاحب استطاعت لوگ قربانی کر رہے ہیں ان سے اپیل ہے کہ وہ اپنے اردگرد مستحق لوگوں کا خاص خیال رکھیں۔

وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ میں آج پوری پاکستانی قوم سے مخاطب ہوں اور کچھ ضروری باتیں کرنا چاہتا ہوں، اس وقت ہمارے قائد عمران خان کو جعلی کیسز میں سے جیل میں رکھا گیا ہے، ان جعلی کیسز کو آہستہ آہستہ چلایا جارہا ہے تاکہ انہیں لمبے عرصے تک جیل میں رکھا جاسکے، عمران خان کو لمبے عرصے تک جیل میں رکھنے کا مقصد یہ ہے کہ وہ اپنے نظریے اور تحریک سے پیچھے ہٹ جائے لیکن ایسا کبھی نہیں ہوگا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو جگانے کی تحریک شروع کر رکھی ہے،عدلیہ سے اپیل ہے کہ ان جعلی کیسز کو جلد سے جلد ختم کیا جائے اور میرٹ کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے۔وفاق میں فارم 47 والی حکومت عوام کا مینڈیٹ چوری کرکے بیٹھی ہوئی ہے،عوام کا مینڈیٹ چوری کروانے والوں کو پیغام دیتا ہوں کہ ملک کو چلانے کا آپ کا طریقہ کار درست نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومت کو ایک سازش کے تحت ہٹا کر پی ڈی ایم کی ڈمی حکومت بٹھائی گئی، پی ڈی ایم کی حکومت نے اس وقت ملک کا جو حال کیا ہے وہ قوم کے سامنے ہے، ملک میں عام انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کرکے آئین کو توڑا گیا، اس کے بعد ملک میں فسطائیت کا ایک دور شروع کیا گیا تاکہ تحریک انصاف کو ختم کیا جائے، وہ دور نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کی تاریخ کا بدترین دور تھا۔

Watch Live Public News