امریکا: طوفان نے تباہی مچادی،33افرادہلاک،درجنوں زخمی،عمارتیں ملیامیٹ

امریکا: طوفان نے تباہی مچادی،33افرادہلاک،درجنوں زخمی،عمارتیں ملیامیٹ
کیپشن: امریکا: طوفان نے تباہی مچادی،33افرادہلاک،درجنوں زخمی،عمارتیں ملیامیٹ

ویب ڈیسک: امریکا کے وسطی علاقوں میں طوفان اور بگولوں کے نتیجے میں کم از کم 33 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ جبکہ ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اتوار کے روز موسم مزید شدید ہونے کا امکان ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق جاری کردہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گھروں کی چھتیں ٹوٹ گئیں اور بڑے ٹرک الٹ گئے۔

امریکی ریاست آرکنساس میں 50 سے زائد گاڑیوں کو پیش آنے والے حادثے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔

میسوری اسٹیٹ ہائی وے پٹرول نے طوفان سے متعلق 12 ہلاکتوں کی تصدیق کی اور موسم کی شدت کے نتیجے میں تباہ ہونے والے مرینا میں ایک دوسرے کے اوپر پڑی کشتیوں کے ڈھیر کی تصاویر شیئر کیں۔

ریاستی پولیس نے درختوں اور بجلی کی لائنوں کے گرنے کے ساتھ ساتھ عمارتوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاع دی ہے۔ کچھ علاقے ” بگولوں ، آندھی اور شدید ژالہ باری“ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

میسوری میں اپنا گھر چھوڑنے والے ایلیسیا ولسن نے ٹی وی چینل کے ایس ڈی کے کو بتایا کہ ’یہ سب سے خوفناک چیز تھی جس سے میں اب تک گزری ہوں، یہ اتنی تیز تھی کہ ہمارے کان پھٹنے والے تھے‘۔

مسیسپی کے جنوب میں واقع ریاست کے گورنر نے کہا کہ اب تک 6 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے اور ہفتہ کی رات دیر گئے تین افراد لاپتہ ہیں۔

دریں اثنا ٹیکساس میں مقامی حکام نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ گرد و غبار اور آگ کی وجہ سے گاڑیوں کے حادثات میں 4 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ہمسایہ ریاست آرکنساس میں حکام کا کہنا ہے کہ طوفان سے تین افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوئے ہیں۔

گورنر آرکنساس سارہ ہکابی سینڈرز نے ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کی ہے۔

سینڈرز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’انہوں نے آرکنساس کے لوگوں کو بتانے کے لیے کہا تھا کہ وہ ان سے محبت کرتے ہیں اور وہ اور ان کی انتظامیہ گزشتہ رات کے طوفان کے بعد ہمیں درکار ہر چیز مہیا کرنے کے لیے یہاں موجود ہے۔

نیشنل ویدر سروس (این ڈبلیو ایس) نے اتوار کو لوئر گریٹ جھیلوں سے جنوب مشرق کی طرف ’شدید آندھی‘ کا انتباہ دیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے اپنی تازہ ترین پیش گوئی میں کہا ہے کہ ان طوفانوں سے جڑے خطرات میں بار بار آسمانی بجلی گرنا، تیز آندھی، ژالہ باری اور چند بگولے شامل ہیں۔

Watch Live Public News