ویب ڈیسک: ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکا کے ساتھ کشیدگی کم کرنے سے متعلق ثالثی کی کوششوں کو مسترد کر دیا ہے۔
ایک سینئر ایرانی عہدیدار کے مطابق یہ تجاویز دو ثالثی ممالک کی جانب سے پیش کی گئی تھیں، جنہیں ایک اہم خارجہ پالیسی اجلاس کے دوران مسترد کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سپریم لیڈر نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ حالات میں مذاکرات کے بجائے سخت ردعمل کی ضرورت ہے، اور امریکا و اسرائیل کے خلاف مؤثر جواب دینے پر زور دیا۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق سپریم لیڈر نے یہ بھی کہا کہ امریکا کو ایران کو ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرنا ہوگا۔
دوسری جانب اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ اسرائیلی حملوں میں ایرانی سکیورٹی سے وابستہ اہم شخصیت علی لاریجانی ہلاک ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع کے مطابق علی لاریجانی کو گزشتہ رات ہونے والے حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔ تاہم اس دعوے کی ایران کی جانب سے تاحال سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی برادری میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ سفارتی سطح پر صورتحال کو قابو میں لانے کی کوششیں جاری ہیں۔