ویب ڈیسک: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پارلیمنٹ نے بالغ نظری اور یکجہتی کا شاندار مظاہرہ کیا، قومی سلامتی کے موقع پر سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھنا قابلِ تحسین ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کے نمائندوں نے عوام کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کرتے ہوئے اپنی بہادر مسلح افواج کا حوصلہ بڑھایا، ہماری بہادر مسلح افواج نے انتہائی پیشہ وارانہ مہارت اور بھرپور عزم سے سرزمین وطن کا دفاع کیا۔
پاکستانی میڈیا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ اس فتح پر ہم اللہ تعالیٰ کا بے پایاں شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں اس امتحان میں سرخرو کیا، پاکستانی میڈیا نے سچ پر مبنی بیانیہ دنیا کے سامنے رکھا اور دشمن کے جھوٹ کو پوری قوت سے بے نقاب کیا۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے رائیونڈ میں صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد نوازشریف سے ملاقات کی اور انہیں پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔