ملک میں رواں سال فروری سے اپریل تک 10 ہزار کمپنیاں رجسٹرڈ ، غیرملکی سرمایہ 218 فیصد بڑھ گیا

ملک میں رواں سال فروری سے اپریل تک 10 ہزار کمپنیاں رجسٹرڈ ، غیرملکی سرمایہ 218 فیصد بڑھ گیا

(ویب ڈیسک) ملک میں رواں سال فروری سے اپریل تک 10 ہزار سے زائد کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں جبکہ  غیرملکی سرمایہ 218 فیصد بڑھ گیا ہے۔

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی) نےکمپنیوں کی رجسٹریشن کے اعدادو شمار جاری کردیے ہیں جس کے مطابق فروری سے اپریل کے دوران 10ہزار 511 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں کی تعداد 8 ہزار693 تھی۔

اعدادوشمار کے مطابق اپریل میں 4 ہزار 82 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، 22 سے زائد ممالک کے سرمایہ کاروں نے بھی پاکستان میں کمپنیاں رجسٹرڈ کیں، غیرملکی سرمایہ کاروں کی کمپنیوں کا مجموعی سرمایہ 218 فیصد بڑھا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کا مجموعی اداشدہ سرمایہ 88 کروڑ 20 لاکھ روپے رہا جبکہ گزشتہ سال غیر ملکی سرمایہ کاروں کا ادا شدہ سرمایہ 27 کروڑ 70 لاکھ روپے تھا۔

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تجارت،خدمات، معلوماتی ٹیکنالوجی، تعمیرات اور معدنیات کی کمپنیاں رجسٹر کرائی گئیں، کمپنیوں کی ریگولیٹری کمپلائنس میں 61 فیصد اضافہ ہوا، 3 ماہ  میں 61 ہزار 960 کمپنیوں نے سالانہ ریٹرنز جمع کرائیں جبکہ گزشتہ سال 38 ہزار 326 کمپنیوں نے ریٹرنز جمع کروائے تھے۔

اعللامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نان لسٹڈ کمپنیوں کے شیئرسرٹیفکیٹس کو ڈیجیٹلائز کرنے کا آغاز ہوگیا ہے، الیکٹرانک شیئرز سےکمپنیوں کے شیئر ہولڈنگ تنازعات کا خاتمہ ممکن ہوگا، اسلام آباد، کراچی،لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد میں سہولت مراکز قائم کیے جائیں گے۔کمپنی رجسٹریشن کے نظام کو مزید خودکار بنایا جائے گا اور کمپنیوں کے نام ریزویشن کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جائے گا۔

Watch Live Public News