ویب ڈیسک: شہر قائد کا سرکاری اسکول پکوان سینٹر کے حوالے کرنے کے معاملے میں نئی پیشرفت آئی ہے۔منیبہ اسکول فیڈرل بی ایریا ایک بار پھر نہاری ہاؤس کے مالک کو دینے کی تیاری کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی ایریا میں قائم سرکاری اسکول نہاری ہاؤس مالک کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔سابق ڈائریکٹر اسکول ریٹائرمنٹ سے قبل اسکول خالی کرنے کے احکامات جاری کرکے گئے۔
بتایا گیا ہے کہ سرکاری اسکول کی عمارت کو خستہ حال قرار دے کر اہل علاقہ کے نام سے ایس پی گلبرگ کو درخواست دی گئی۔درخواست پر 25 جولائی کو محکمہ تعلیم سندھ نے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن پرائمری سے کمنٹس مانگے ۔محکمہ تعلیم نے 21 اگست کو ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن پرائمری کو خط لکھ کر متعلقہ حکام سے رائے طلب کی ۔
ایس پی کو درخواست موصول ہونے کے بعد پولیس کی نفری اسکول پہنچ گئی۔کچھ علاقہ مکینوں کے تحفظات کے بعد عدالتی تفصیلات بھی منگوائی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر اسکولز ایجوکیشن کی تردید:
ڈائریکٹر اسکولز ایجوکیشن بشیر عباسی نے اسکول خالی کرنے کی تردید کردی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمارت خالی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔محکمہ کی جانب سے ایسے خطوط معمول کی بات ہیں۔
دوسری جانب علاقہ مکینوں نے واضح کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں کروڑوں روپے مالیت کا اسکول لینڈ مافیا کے حوالے نہیں کرنے دینگے۔