ویب ڈیسک: گڈز ٹرانسپورٹرز نے ڈیزل کی قیمت میں کمی کے باوجود کرایوں میں کمی سے انکار کرتے ہوئے موجودہ نرخ برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے ڈیزل کی قیمت کم کرنے کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں، تاہم فی الحال کرایوں میں کمی ممکن نہیں اور ٹرانسپورٹ کے نرخ جوں کے توں رہیں گے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ جنگی صورتحال کے باعث ملک میں درآمد و برآمد کا کاروبار شدید متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں کام نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے اور ہزاروں گاڑیاں کھڑی کرنا پڑی ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کا ریلیف فراہم نہیں کیا گیا، جبکہ وہ قومی مفاد میں نقصان برداشت کرکے گاڑیاں چلا رہے ہیں۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ماضی میں ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 263 روپے تک اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد حالیہ دنوں میں کچھ کمی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرایوں میں کمی اس وقت زیر غور آئے گی جب ڈیزل کی قیمتوں میں مزید واضح کمی ہوگی، اور امید ظاہر کی کہ پیٹرولیم مصنوعات مزید سستی کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹرز نے حکومت سے ود ہولڈنگ ٹیکس، ٹول ٹیکس اور ٹریفک و موٹروے پولیس کے جرمانوں میں نرمی کا مطالبہ کیا تھا، کیونکہ بھاری ٹیکسوں کے مقابلے میں سہولیات ناکافی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایک بار پھر ان مطالبات پر غور کرے تاکہ ٹرانسپورٹرز کو ریلیف مل سکے، کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور کرایوں کے استحکام سے ہی روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں کمی ممکن ہو سکتی ہے۔