ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر مسلم لیگ ن کا ردعمل سامنے آگیا۔
مسلم لیگ ن کے سینیٹر ناصر بٹ نے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ نواز شریف کی حکومت کے خلاف ایک بار پھر سازش شروع ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی نواز شریف کے خلاف سازشیں ہوتی رہیں، تاہم وہ سرخرو ہوکر واپس آئے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرے گی اور عمران خان کی اسپتال منتقلی کے عدالتی حکم پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس عدالتی فیصلوں کے خلاف جانے کا اختیار نہیں، جبکہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے بھی ماضی میں عدالتوں سے ریلیف حاصل کیا ہے، اس لیے عدالتی فیصلوں کا احترام سب کے لیے ضروری ہے۔
طارق فضل چوہدری نے عدلیہ کے خلاف توہین آمیز گفتگو اور نفرت انگیز مہم کی بھی مذمت کی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو آج ہی شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت کے مطابق ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی عمران خان کے ہمراہ اسپتال میں موجود ہوں گے۔ وفاقی حکومت نے عدالتی حکم پر اعتراض بھی اٹھایا، جسے عدالت نے حکم نامے کا حصہ بنادیا۔ کیس کی مزید سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔