جماعت اسلامی کا 21 دسمبر کو ملک بھر میں دھرنے دینے کا اعلان

جماعت اسلامی کا 21 دسمبر کو ملک بھر میں دھرنے دینے کا اعلان
کیپشن: جماعت اسلامی کا 21 دسمبر کو ملک بھر میں دھرنے دینے کا اعلان

ویب ڈیسک: جماعت اسلامی نے ملک بھر میں دھرنے دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 21 دسمبر کو پاکستان بھر کے تمام ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں دھرنے دیے جائیں گے، جن کا مقصد بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنوانا اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل کروانا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پنجاب میں منظور کیا گیا بلدیاتی ایکٹ جمہوریت پر ایک بدنما دھبہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتوں کو خوف ہے کہ نچلی سطح پر کوئی بااختیار نمائندہ نہ آ جائے، یہ طرزِ عمل جمہوریت کا مذاق اڑانے اور اس پر قبضہ کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی، مالی اور انتظامی اختیارات فوری طور پر بلدیاتی اداروں کو منتقل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گورننس کے نام پر تمام محکمے صوبائی حکومتوں نے اپنے کنٹرول میں رکھ لیے ہیں، جبکہ پنجاب میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لاہور جیسے بڑے شہر میں بھی میٹروپولیٹن کا نام دینے سے گریز کیا جا رہا ہے، کیونکہ مئیر کو وزیر اعلیٰ کو چیلنج کرنے والی شخصیت سمجھا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق صوبوں کے بعد بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانا تھا، لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے گندم کے بحران اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گندم کو دانستہ بحرانوں کا شکار کیا گیا ہے، جس سے عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کے جاری رہنے کے باوجود غربت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 21 دسمبر کو ہونے والے دھرنوں میں جماعت اسلامی آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کرے گی۔

Watch Live Public News