ویب ڈیسک: رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، تاہم پاکستان تحریکِ انصاف کبھی بھی مطمئن نہیں ہوگی۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں دستیاب تمام ضروری طبی سہولتیں فراہم کی گئیں۔ ان کے بقول پی ٹی آئی کی سیاست کا مقصد ملک میں افراتفری اور انتشار پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ حالیہ ملاقات کے بعد جو پیغام باہر لایا گیا، کیا جیل قوانین اس کی اجازت دیتے ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ خیبر پختون خوا میں راستوں کی بندش پر عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ آئین کسی صوبائی حکومت کو شاہراہیں بند کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی صوبے کے انسپکٹر جنرل اور چیف سیکرٹری عدالتِ عالیہ کے احکامات پر عمل درآمد کے پابند ہوتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ سرگرمیوں کا بانی پی ٹی آئی کے علاج سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ سب سیاسی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق جماعت کی توجہ ملک میں بے یقینی اور انتشار پیدا کرنے پر مرکوز ہے۔