ویب ڈیسک: ملک کے چار شہروں کے ایئرپورٹس کو اپ گریڈ کر کے جدید طرز پر تعمیر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ڈی جی پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں بتایا کہ سکھر، فیصل آباد، ڈیرہ اسماعیل خان اور میرپور آزاد کشمیر کے ایئرپورٹس کو نئے انداز میں تعمیر کیا جائے گا، جبکہ خضدار کے غیر فعال ایئرپورٹ کی بحالی بھی منصوبے میں شامل ہے۔
ڈی جی پی اے اے کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کی توسیع کا منصوبہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کی جائے گی تاکہ انتظامی امور اور سہولیات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے بتایا کہ فلائٹ آپریشن کو محفوظ بنانے اور طیاروں کو پرندوں کے خطرات سے بچانے کے لیے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان سمیت مختلف ایئرپورٹس پر جدید برڈ ریپلنٹ سسٹم نصب کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں یہ نظام لاہور ایئرپورٹ پر نصب کیا جائے گا۔
مزید برآں، مسافروں کی سہولت کے لیے پہلے مرحلے میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ای گیٹس نصب کیے جائیں گے، جبکہ دوسرے مرحلے میں کراچی، لاہور اور باچا خان ایئرپورٹس پر بھی ای گیٹس کی تنصیب کی جائے گی۔