پاکستان کا 'مرگ بر سرمچار' کامیاب آپریشن، ایران میں موجود دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا

پاکستان کا 'مرگ بر سرمچار' کامیاب آپریشن، ایران میں موجود دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا
راولپنڈی :آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی جانب سے ایران میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے خلاف موثر حملے کیے گئے۔ جن ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا وہ پاکستان میں حالیہ حملوں کے ذمہ دار دہشت گردوں کے زیر استعمال تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 18 جنوری 2024 کی صبح پاکستان نے ایران کے اندر دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر اسٹرائیکس کیں ۔ یہ ٹھکانے پاکستان میں حالیہ حملوں کے ذمہ دار دہشت گردوں کے زیر استعمال تھے۔ ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ حملے ڈرونز، راکٹوں اور دیگر ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے کیے گئے، کولیٹرل نقصان سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ احتیاط برتی گئی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایران میں دہشتگردوں کے خلاف کیے گئے آپریشن کا کوڈ نام 'مرگ بر سرمچار' تھا،بلوچستان لبریشن آرمی اور بلوچستان لبریشن فرنٹ نامی دہشت گرد تنظیموں کے زیر استعمال ٹھکانوں کو انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ پاک فوج کے مطابق 'مارگ بار سرمچار' آپریشن میں نشانہ بنائے گئے ٹھکانے بدنام زمانہ دہشت گرد استعمال کر رہے تھے، ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں عرف چیئرمین، بجر عرف سوغت، ساحل عرف شفق، اصغر عرف بشام اور وزیر عرف وزی شامل ہیں۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی کارروائیوں کے خلاف پاکستانی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مستقل تیاری کی حالت میں ہیں، پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام اور کسی بھی مہم جوئی کے خلاف تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، ہم پاکستانی عوام کی حمایت سے پاکستان کے تمام دشمنوں کو شکست دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ آگے بڑھتے ہوئے، دونوں ہمسایہ برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ مسائل کے حل میں بات چیت اور تعاون کو سمجھداری سمجھا جاتا ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔