ویب ڈیسک: ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی نے بتایا ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران پوٹھوہار ریجن میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشنز کیے گئے، جن کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ چکوال، جہلم اور راولپنڈی میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث ایمرجنسی نافذ کی گئی، جہاں ریسکیو آپریشنز میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ فوجی جوانوں نے بھی بھرپور حصہ لیا۔
ڈی جی کے مطابق جہلم میں 398 افراد کو ریسکیو کیا گیا، جن میں 174 کو ضلعی انتظامیہ، 64 کو فوجی اہلکاروں اور 160 شہریوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
چکوال میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد 209 افراد سیلابی پانی میں پھنس گئے، جنہیں بحفاظت نکالا گیا، جن میں سے 27 شہریوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔ راولپنڈی میں 450 افراد کو ضلعی انتظامیہ نے محفوظ مقامات تک پہنچایا۔
عرفان علی نے خبردار کیا کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 21 جولائی سے شروع ہونے جا رہا ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور الرٹس پر توجہ دیں۔