ویب ڈیسک: حکومت نے آئندہ تین روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 18 جولائی کی رات 12 بجے سے ہو چکا ہے اور یہ 20 جولائی تک نافذ العمل رہیں گی۔
حکومت کی جانب سے حال ہی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) روزانہ نئی قیمتوں کا تعین کرے گی۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے، جس کے اثرات دنیا بھر میں توانائی کی قیمتوں پر پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت پیٹرولیم سیکٹر کو بتدریج ڈی ریگولیشن کی جانب لے جا رہی ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے فیصلے کے تحت اوگرا روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے گی اور نئی قیمتیں اپنی ویب سائٹ پر جاری کیا کرے گی۔