ویب ڈیسک: چینی ٹیکنالوجی کمپنی آنر (Honor) نے ورلڈ اے آئی کانفرنس (WAIC) 2026 میں دنیا کا پہلا " روبوٹ فون" متعارف کرا دیا، جو مصنوعی ذہانت (AI) اور روبوٹک ٹیکنالوجی سے لیس جدید فیچرز کے باعث توجہ کا مرکز بن گیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس اسمارٹ فون میں کیمرے کے ساتھ ایک خودکار روبوٹک گمبل نصب کیا گیا ہے، جو آواز اور اشاروں کی مدد سے صارف یا سبجیکٹ کو خودکار طور پر ٹریک کرتے ہوئے مستحکم ویڈیو ریکارڈنگ کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کانفرنس کے دوران آنر نے عملی مظاہرے میں روبوٹ فون کو موسیقی کی دھن پر حرکت کرتے اور صارف کی آواز پر مختلف فیچرز انجام دیتے ہوئے بھی پیش کیا، جس نے شرکاء کی خاصی توجہ حاصل کی۔
کمپنی نے فون کی چین میں باضابطہ پری بکنگ بھی شروع کر دی ہے۔ آنر کے مطابق صارفین آنر مال اور مجاز آن لائن اسٹورز کے ذریعے 31 اگست تک پری آرڈر کرا سکتے ہیں، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ ڈیوائس آئندہ ماہ چینی مارکیٹ میں لانچ کی جائے گی۔
پری بکنگ کرانے والے صارفین کو 3 ہزار 500 یوآن مالیت کے خصوصی تحائف بھی دیے جائیں گے، جن میں YOYO AI SVIP 2 کی لائف ٹائم ممبرشپ، ایک سال کے دوران گمبل کی تین مرتبہ مفت تبدیلی، خصوصی گفٹ پیک، پانچ معیاری لوازمات، 24 ماہ تک بلاسود اقساط اور پرانے فون کے تبادلے کی سہولت شامل ہے۔
آنر کے مطابق روبوٹ فون میں 4DoF کمپیکٹ روبوٹک گمبل سسٹم اور تھری ایکسس اسٹیبلائزیشن فراہم کی گئی ہے، جبکہ اس میں AI آبجیکٹ ٹریکنگ، AI SpinShot، ہر زاویے سے AI ویڈیو کالنگ اور گھومنے والی روبوٹک کیمرہ موومنٹ جیسے جدید فیچرز شامل ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ فون کا روبوٹک کیمرہ سر ہلانے اور دیگر اشاروں کے ذریعے بھی ردِعمل ظاہر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس اسمارٹ فون میں 200 میگا پکسل مین کیمرہ، 50 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرہ اور 200 میگا پکسل پیری اسکوپ ٹیلی فوٹو لینس دیا گیا ہے۔ کمپنی نے اسے سلور وائٹ اور گریفائٹ بلیک رنگوں میں پیش کیا ہے۔