فیفا ورلڈ کپ 2026: ایک روز میں سٹیڈیم حاضری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم

فیفا ورلڈ کپ 2026: ایک روز میں سٹیڈیم حاضری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم
کیپشن: فیفا ورلڈ کپ 2026: ایک روز میں سٹیڈیم حاضری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم

ویب ڈیسک: فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایک ہی دن کے دوران سٹیڈیم حاضری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔

فیفا کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 16 جون کو ٹورنامنٹ کے چار میچز میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 81 ہزار 223 شائقین نے اسٹیڈیم میں جا کر میچز دیکھے، جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک دن کی سب سے بڑی حاضری ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ 1994 کے ورلڈ کپ کے پاس تھا، جب ایک دن میں 2 لاکھ 77 ہزار 70 شائقین نے اسٹیڈیمز کا رخ کیا تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق اس روز فرانس، سینیگال، عراق، ناروے، ارجنٹائن، الجزائر، آسٹریا اور اردن کے میچز میں غیر معمولی شائقین کی شرکت دیکھنے میں آئی۔

فیفا کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کے پہلے چھ روز میں مجموعی طور پر 13 لاکھ 9 ہزار 652 شائقین اسٹیڈیمز پہنچ چکے ہیں، جبکہ فی میچ اوسط حاضری 65 ہزار 483 ریکارڈ کی گئی ہے۔

فیفا حکام کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ مجموعی حاضری کے ایک اور تاریخی ریکارڈ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اس سے قبل 1994 کے ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 35 لاکھ شائقین نے میچز دیکھے تھے۔

فیفا حکام کے مطابق موجودہ رجحان برقرار رہا تو گروپ مرحلے کے اختتام تک مجموعی حاضری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہو سکتا ہے۔

فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے 16 جون کو ٹورنامنٹ کی تاریخ کا یادگار دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ شائقین نے اس ایونٹ میں غیر معمولی رنگ، جوش اور ماحول پیدا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ 2026 دنیا بھر میں فٹبال کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے، جبکہ ٹکٹوں کی طلب بدستور بلند ہے۔

فیفا کے مطابق ورلڈ کپ سے حاصل ہونے والی آمدنی مردوں، خواتین اور یوتھ فٹبال کی عالمی ترقی پر خرچ کی جاتی ہے۔

Watch Live Public News