ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ کشیدگی اور جنگ بندی کے دوران چین اور روس کے صدور نے غیر جانبدار مؤقف اختیار کیا اور تہران کے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کی امریکی کوششوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔
جنگ بندی معاہدے پر دستخط کے بعد امریکی صدر نے کہا کہ وہ چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے ان کے مطابق تنازع کے دوران صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکا۔
فرانس کے شہر ایویان-لے-بین میں جی 7 کانفرنس کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ دونوں رہنماؤں کے رویے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کیونکہ انہوں نے اس معاملے میں مداخلت نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ “میں چین اور صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، میں نے ان سے ملاقات بھی کی تھی اور وہ مکمل طور پر غیر جانبدار رہے، جس کی میں قدر کرتا ہوں۔”
ٹرمپ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی اسی طرح کا مؤقف اپنایا اور تنازع میں فریق بننے کے بجائے غیر جانبداری اختیار کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ دونوں ممالک مختلف رویہ اختیار کرتے تو صورتحال کہیں زیادہ پیچیدہ اور مشکل ہو سکتی تھی۔