ویب ڈیسک: فیک نیوز واچ ڈاگ نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران 7 مئی سے 10 مئی کے درمیان چلنے والی جھوٹی خبروں پر مبنی ایک 48 صفحات پر مشتمل تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا نیٹ ورکس کی منظم پراپیگنڈا مہم کو مکمل طور پر بے نقاب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیک نیوز واچ ڈاگ نے آپریشن سندور اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران چلنے والی جعلی خبروں کا جائزہ لیا۔

فیک نیوز واچ ڈاگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگ کے دوران بھارتی میڈیا مکمل طور پر حکومتی سرپرستی میں مہم سازی میں ملوث پایا گیا، بھارتی میڈیا نے جعلی خبروں کے ذریعے پاکستان پر جنگ میں سبقت حاصل کرنے کی ناکام کوشش کی،منظم مہم کے ذریعے بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پاکستان میں تباہ کاریاں دکھاتے رہے، پاک بھارت جنگ کے دوران فیک نیوز بطور مہلک جنگی ہتھیار استعمال ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق آپریشن سندور کے بعد پریس بریفنگ میں انڈین وزارت خارجہ نے عراق میں 2007 کی فوٹیجز کو پلوامہ کے ساتھ جوڑا،انڈین میڈیا نے اسرائیلی آئرن ڈوم کی 2021 کی فوٹیجز کو بطور انڈین ڈیفنس سسٹم دکھایا،انڈیا ٹوڈے کی جانب سے اینیمیٹڈ میزائل حملوں کو بطور حقیقی میزائل دکھایا گیا،انڈین میڈیا میں پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی ہار تسلیم کرتے ہوئے ڈیپ فیک ویڈیو بھی چلتی رہی،انڈین میڈیا پر بھارتی فوج کے پاکستان میں داخل ہونے کی من گھڑت خبریں چلائی گئیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی چینلز پر پاکستانی آرمی چیف کو حراست میں لینے کی جعلی خبریں بھی چلتی رہیں،بھارتی وزیر دفاع کا پاکستان میں 100 شہریوں کو مارنے کا دعوی بھی من گھڑت ثابت ہوا،دوران جنگ عالمی میڈیا سے منسوب جنگی اعدادوشمار سے متعلق سکرین جعلی شاٹس زیر گردش رہے،زی ٹی وی کی جانب سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پر حملے کی جعلی بریکنگ نیوز چلائی گئی،سرگودھا ائیر بیس کی تباہی کے حوالے سے جعلی سیٹلائٹ امیجز بھی قابل ذکر رہیں۔
رپورٹ کے مطابق سری نگر میں پاکستان ائیر فورس کے دو طیارے گرنے کے حوالے سے بھی جعلی خبریں چلتی رہیں،انڈیا ٹوڈے پر پاکستانی طیارے جے ایف 17 اور ایف 16 گرانے کی خبریں چلیں،زی نیوز کی جانب سے پاکستانی پائلٹ کی گرفتاری کی من گھڑت خبر چلتی رہی،بھارتی شہر جے پور میں امریکی اور اسرائیلی طیارے اترنے کی اے آئی ویڈیوز بھی بطور پراپیگنڈہ استعمال ہوئیں،سوشل میڈیا پر بھارتی اور پاکستانی پائلٹس کی گرفتاری کی خبریں چلتی رہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاک بھارت جنگ میں بھارتی میڈیا کو فیک نیوز مہم کی وجہ سے عالمی سطح پر ہزیمت کا سامنا ہوا،سیز فائر کے بعد بھارتی میڈیا کی انڈیا سمیت دنیا بھر میں کریڈبیلیٹی صفر ہوگئی، پاک بھارت جنگ کے دوران جعلی خبروں کو حکومتی سرپرستی بھی حاصل رہی۔
فیک نیوز واچ ڈاگ نے اپنی رپورٹ میں حکومتوں اور بین الاقوامی اداروں سے جعلی خبروں کے تدارک کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی سفارش کی ہے تاکہ آئندہ کسی بھی کشیدگی یا جنگ کی صورت میں معصوم عوام کو جھوٹ کے طوفان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔