ٹائی ٹینک کے700 مسافروں کو بچانے والے کیپٹن کی گھڑی ریکارڈ قیمت میں نیلام

titanic saver pocket watch auctioned
کیپشن: titanic saver pocket watch auctioned
سورس: google

ویب ڈیسک : ٹائی ٹینک حادثے میں 700 افراد کو بچانے والے جہاز کے کپتان کو دی گئی سونے سے بنی جیبی گھڑی ہفتے کو تقریباً 20 لاکھ ڈالر  میں فروخت ہوئی، جس نے جہاز سے ملنے والی اشیا کی نیلامی میں ریکارڈ قائم کیا۔

ٹفنی اینڈ کو کمپنی کی 18 قیراط کی یہ گھڑی 1912 میں تین خواتین نے کیپٹن آرتھر روسٹرون کو پیش کی تھی۔  انہوں نے  اپنے جہاز آر ایم ایس کارپاتھیا کا رخ شمالی بحر اوقیانوس میں برفانی تودے سے ٹکرا کر ڈوبتے ٹائی ٹینک کی طرف کرکےسینکڑوں مسافروں کی جان بچائی تھی۔

نیلامی کرنے والی کمپنی ہنری ایلڈریج اینڈ سن نے ہفتے کو امریکہ میں ایک نجی کلکٹر کو یہ گھڑی 15 لاکھ 60 ہزار برطانوی پاؤنڈز میں فروخت کی۔ ان کے مطابق یہ ٹائی ٹینک کی یادگاروں میں سے کسی چیز کا سب سے زیادہ معاوضہ ہے۔ قیمت میں خریدار کے ذریعے ادا کردہ ٹیکس اور فیس شامل ہیں۔

کیپٹن آرتھر روسٹرون کو یہ گھڑی حادثے میں جان سے جانے والے امیر ترین شخص جان جیکب آسٹر اور دیگر دو تاجروں کی بیواؤں نے دی تھی۔

جان جیکب آسٹر کی جیبی گھڑی، جو جہاز کے ڈوبنے کے سات دن بعد برآمد ہونے کے وقت ان کے جسم پر موجود تھی، اپریل میں اسی نیلام گھر سے تقریباً 15 لاکھ  ڈالر (1.17 ملین پاؤنڈ) حاصل کرکے ٹائی ٹینک کی کسی یادگار کی سب سے زیادہ قیمت کا ریکارڈ قائم کر چکی تھی۔‘

  ٹائی ٹینک کے ڈوبنے کے بعد کیپٹن آرتھر روسٹرون کو ان کے کارنامے پر ہیرو قرار دیا گیا اور ان کے عملے کی بہادری بھی تسلیم کی گئی۔

Watch Live Public News