ویب ڈیسک: وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے حالیہ سعودی عرب کے دورے کو غیر معمولی اور اعلیٰ ترین شاہی پروٹوکول کے باعث تاریخی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سعودی حکام کی جانب سے وزیراعظم کے استقبال کے لیے روایتی ریڈ کارپٹ کے بجائے جامنی کارپٹ بچھایا گیا، جو کہ مملکت کی روایات کے مطابق صرف انتہائی اہم اور خاص مہمانوں کے لیے مخصوص ہوتا ہے۔ یہ پروٹوکول اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سعودی عرب پاکستان کو خطے میں نہایت اہم شراکت دار تصور کرتا ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں جامنی کارپٹ پروٹوکول شاذ و نادر ہی اختیار کیا جاتا ہے اور صرف اُن عالمی رہنماؤں کے لیے ہوتا ہے جنہیں مملکت غیر معمولی اہمیت دیتی ہے۔ ماضی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کے دورۂ سعودی عرب کے دوران اسی خصوصی پروٹوکول سے نوازا گیا تھا، جس سے اس روایت کی حیثیت اور بھی اجاگر ہوتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے سعودی عرب پہنچنے پر اعلیٰ سعودی حکام نے پرتپاک انداز میں ان کا استقبال کیا۔ شاہی دیوان میں وزیراعظم کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے خود شہباز شریف کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر سعودی مسلح افواج کے دستوں نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا، جو اس دورے کی اہمیت اور دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کو مزید نمایاں کرتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ خصوصی پروٹوکول پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدے اور اعلیٰ سطحی ملاقاتوں نے تعلقات کو ایک نئی سمت دی ہے، جسے خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم کو دیا گیا یہ پروٹوکول دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ رشتوں اور گہرے اعتماد کا مظہر ہے۔
وزیراعظم کا اظہارتشکر:
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے شاندار استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
Deeply touched by the heart warming welcome, accorded to me by my dear brother HRH Prince Mohammed bin Salman, Crown Prince and Prime Minister of Saudi Arabia, on my official visit to Riyadh.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) September 18, 2025
From the unprecedented escort provided to my aircraft by the Royal Saudi airforce jets… pic.twitter.com/RZvkOSQbF1
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ دل سے متاثر ہیں اور یہ استقبال پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ محبت اور باہمی احترام کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے بتایا ہے کہ ان کی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے نہایت خوشگوار اور مفید گفتگو ہوئی جس میں علاقائی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔