پاکستان میرا پہلا گھر ہے، قطر اور پاکستان یک جان دو قالب کی مانند ہیں:  قطری سفیر

پاکستان میرا پہلا گھر ہے، قطر اور پاکستان یک جان دو قالب کی مانند ہیں:  قطری سفیر

ویب ڈیسک:قطری سفیرالشیخ علی مبارک علی عیسیٰ الخطیرسے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیرآزاد کی ملاقات، ملاقات میں قطر پر حالیہ اسرائیلی حملے پر مذمت کی گئی، ،اسلامی سربراہی کانفرنس قطر کے اعلامیہ،پاک قطر دوستی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبا دلہ خیال کیا گیا۔

مولاناعبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ  قطر پر حالیہ اسرائیلی حملہ قابل مذمت ہے،اسرائیل اور اسکا وزیراعظم نیتن یاہوعالمی مجرم ہے،  جس نے قطر جیسے ملک جو ہمیشہ ڈائیلاگ و مذاکرات کا عظیم پلیٹ فارم ہے،اس پر حملہ کر کے اپنی صہونی سفاکیت کا ثبوت پیش کیا ہے، قطر کی عوام اور پاکستان کی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

دوحہ قطر میں اسلامی سربراہی کانفرنس اور اس میں تمام سربراہان مملکت کا آنا اُمت اسلامیہ کے اتحاد کا مظہر تھا، جو اعلامیہ قطر کانفرنس میں پیش کیا گیا وہ پوری اُمت اسلامیہ کی آواز ہے۔

مولاناعبدالخبیر آزاد  کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل حافظ سید عاصم منیر کا اسرائیلی حملے کے بعد دورہ قطر قطری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظہر تھا۔

وزیر اعظم پاکستان نے اسلامی سربراہی کا نفرنس میں جو تقریر کی وہ پاکستان کی چوبیس کروڑ عوام کی آواز تھی،وقت آچکا ہے کہ اُمہ متحد ہوکر آگے بڑھے اور اسرائیل جیسی اسلام دشمن قوت کو مزہ چکھائے، گزشتہ جمعتہ المبارک میں قطر پر اسرائیلی حملے کی مذمت اور   قطر ی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا جو اظہار کیا وہ ہماری والہانہ محبت کا ثبوت ہے۔

 قطری سفیر الشیخ علی مبارک علی عیسیٰ الخطیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میرا پہلا گھر ہے،حالیہ قطر پر اسرائیلی حملے میں جس طرح پاکستانی عوام نے قطری قیادت اور عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کی،اس پر مشکور ہے۔

بادشاہی مسجد لاہور میں جو مذمتی کانفرنس اسرائیلی حملے کے خلاف کی گئی،وہ پاکستان کی طرف سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے، عوام پاکستان کا شکرگزار ہوں۔

سب سے پہلے قطر میں اسرائیلی حملے کے بعد اگر کسی ملک کا سربراہ پہنچا تو وہ پاکستان کے وزیراعظم اور فلیڈ مارشل جنرل حافظ عاصم منیر تھے، قطر اور پاکستان یک جان دو قالب کی مانند ہیں۔ 

Watch Live Public News