بھارت کا سندھ طاس معاہدے سے انکار ناقابلِ فہم ہے،  شیری رحمان

بھارت کا سندھ طاس معاہدے سے انکار ناقابلِ فہم ہے،  شیری رحمان
کیپشن: بھارت کا سندھ طاس معاہدے سے انکار ناقابلِ فہم ہے,  شیری رحمان

ویب ڈیسک: پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے سے انکار ناقابلِ فہم ہے۔

ایک غیر ملکی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں شیری رحمان نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ سرحد پار پانی کی تقسیم، معلومات کے تبادلے اور تنازعات کے حل کا واضح طریقہ کار فراہم کرتا ہے اور عالمی سطح پر ایک اہم مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے میں یک طرفہ طور پر اسے معطل یا غیر فعال قرار دینے کی کوئی شق موجود نہیں۔ معاہدے کو یک طرفہ طور پر معطل یا نظر انداز کرنے سے سنگین قانونی سوالات پیدا ہوتے ہیں۔

شیری رحمان کے مطابق ثالثی عدالت اور غیر جانب دار ماہر کا طریقۂ کار تنازعات کے حل کے دو الگ راستے ہیں، جبکہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت دستیاب قانونی راستوں کا جائزہ لے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازع کا پُرامن حل چاہتا ہے اور پانی کو کسی نئے تنازع کا سبب نہیں بننا چاہیے۔ پاکستان جنوبی ایشیا میں علاقائی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

شیری رحمان نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون کسی مخصوص ملک کے خلاف نہیں، بلکہ پاکستان تنازع کے بجائے باہمی مفاد اور علاقائی تعاون کو ترجیح دیتا ہے۔

Watch Live Public News