(ویب ڈیسک)وہ تمام افراد جو اپنے کمپیوٹر پر درجنوں ٹیبز کھول کر کام کرتے ہیں، ان کے لیے خوشخبری ہے کہ گوگل دنیا کے مقبول ترین انٹرنیٹ براؤزر، گوگل کروم، میں ورٹیکل ٹیبز کا فیچر متعارف کرا رہا ہے۔
یہ فیچر مائیکروسافٹ کے ایج براؤزر میں کئی سالوں سے موجود تھا، جو ٹیب مینجمنٹ اور ملٹی ٹاسکنگ کو بہت آسان بنا دیتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہ فیچر صارفین کو کروم چھوڑنے پر بھی آمادہ کر سکتا تھا۔
ورٹیکل ٹیبز کا فیچر ٹیب گروپنگ کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے، جس کے ذریعے ایک جیسے موضوع یا کام سے متعلق ٹیبز کو ایک گروپ میں رکھا جا سکتا ہے اور ضرورت نہ ہونے پر انہیں کم سے کم (minimize) کیا جا سکتا ہے۔

گوگل کروم میں ورٹیکل ٹیبز کو فعال کرنے کے لیے، آپ کو صرف کروم ونڈو یا ٹیب بار پر رائٹ کلک کرنا ہوگا اور "Show Tabs Vertically" کے آپشن کو منتخب کرنا ہوگا۔ اگر یہ فیچر آپ کے ملک میں دستیاب نہ ہو تو آپ کو کروم 147 اپڈیٹ کا انتظار کرنا ہوگا، کیونکہ یہ فیچر مرحلہ وار میک اوایس ( macOS)، ونڈوز اور لینکس پر متعارف کروایا جا رہا ہے۔
نئے انٹرفیس میں ایک بٹن بھی دیا گیا ہے جس کی مدد سے آپ بائیں جانب موجود ورٹیکل ٹیب پینل کو چھپا سکتے ہیں تاکہ ویب سائٹ دیکھنے کے لیے زیادہ جگہ حاصل ہو سکے۔
اس نئی اپڈیٹ میں ایک مکمل اسکرین ریڈنگ موڈ بھی شامل کیا گیا ہے، جو ویب پیج سے غیر ضروری عناصر جیسے تصاویر اور ویڈیوز ہٹا کر اسے صرف متن تک محدود کر دیتا ہے، تاکہ آپ زیادہ توجہ کے ساتھ مواد پڑھ سکیں۔ ریڈنگ موڈ پہلے بھی گوگل کروم میں موجود تھا، مگر وہ سائیڈ پینل میں کام کرتا تھا۔
ورٹیکل ٹیبز کیوں بہتر ہیں؟

کئی سالوں سے انٹرنیٹ براؤزنگ کا انداز تقریباً ایک جیسا رہا ہے، جہاں آپ اوپر ایڈریس بار میں ویب سائٹ کا پتہ لکھتے ہیں اور متعدد ٹیبز کھول کر مختلف سائٹس دیکھ سکتے ہیں۔ لیکن جیسے جیسے ٹیبز کی تعداد بڑھتی ہے، وہ سکڑ جاتے ہیں اور انہیں پہچاننا مشکل ہو جاتا ہے۔
اسی مسئلے کا حل ہیں ورٹیکل ٹیبز۔ اس فیچر کے فعال ہونے پر تمام ٹیبز اسکرین کے بائیں جانب ایک ترتیب سے نظر آتے ہیں اور ان کا سائز ایک جیسا رہتا ہے۔ ہر ویب سائٹ کا عنوان اور آئیکن واضح نظر آتا ہے، جس سے مطلوبہ ٹیب تلاش کرنا آسان ہو جاتا ہے۔ اگر ٹیبز کو گروپ کیا گیا ہو تو وہ عمودی انداز میں ایک دوسرے کے اندر نظر آتے ہیں، جس سے نیویگیشن مزید آسان ہو جاتی ہے۔
یہ فیچر خاص طور پر لیپ ٹاپ استعمال کرنے والوں کے لیے بہت مفید ہے، جہاں اسکرین کی جگہ محدود ہوتی ہے۔ ورٹیکل ٹیبز کے ذریعے آپ ایک ہی وقت میں کئی ایپس استعمال کر سکتے ہیں اور ویب سائٹ کے لیے زیادہ جگہ مختص کر سکتے ہیں، جبکہ تمام ٹیبز بھی واضح طور پر نظر آتے رہتے ہیں۔