ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ ظاہر کرنے والا نقشہ شیئر کردیا، ایران کا سخت ردِعمل

ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ ظاہر کرنے والا نقشہ شیئر کردیا، ایران کا سخت ردِعمل
کیپشن: ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ ظاہر کرنے والا نقشہ شیئر کردیا، ایران کا سخت ردِعمل

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایسا متنازع نقشہ شیئر کیا ہے جس میں آبنائے ہرمز کو امریکی علاقے کے طور پر ظاہر کیا گیا ہے، جس پر ایران کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نقشہ پوسٹ کیا، جس میں تیل کی عالمی تجارت کے لیے اہم آبنائے ہرمز کو نئے امریکی علاقے کے طور پر دکھایا گیا۔ ٹرمپ کی جانب سے یہ نقشہ ایسے وقت میں شیئر کیا گیا ہے جب وہ ماضی میں آبنائے ہرمز پر بحری ناکہ بندی کے ذریعے کنٹرول حاصل کرنے کی بات کرچکے ہیں۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ٹرمپ کے اقدام پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز اس وقت تک بند رہے گی جب تک بحری ناکہ بندی ختم نہیں کی جاتی، خطے میں جنگیں بند نہیں ہوتیں، ایران کے مبینہ طور پر منجمد اثاثے واپس نہیں کیے جاتے، تیل پر پابندیاں ختم اور ایران کو فوجی دھمکیاں دینا بند نہیں کی جاتیں۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے بھی ٹرمپ کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق امریکی صدر کی غلط فہمی جلد دور کردی جائے گی۔

دوسری جانب ٹرمپ کے حامیوں کا کہنا ہے کہ نقشے میں آبنائے ہرمز کو امریکی علاقے کے طور پر دکھانا ایران کے خلاف صدر کی سخت پالیسی کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ ناقدین نے امریکی پالیسی میں مبینہ دوہرے معیار پر سوالات اٹھائے ہیں۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تیل تجارت کا اہم ترین سمندری راستہ ہے اور دنیا کی تقریباً پانچویں حصے کی تیل کی ترسیل اسی راستے سے ہوتی ہے۔

Watch Live Public News