ویب ڈیسک: مقابلے کے امتحانات میں شریک امیدواروں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سی ایس ایس 2025 کے حتمی نتائج آئندہ ماہ فروری کے آخری ہفتے میں جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نتائج کے اعلان کے لیے انتظامی اور تکنیکی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں، جبکہ ایف پی ایس سی کی جانب سے بروقت نتائج جاری کرنے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔
ایف پی ایس سی حکام کا کہنا ہے کہ سی ایس ایس 2025 کے تحریری امتحان، طبی معائنے اور نفسیاتی جائزے سمیت مختلف مراحل کے بعد 80 فیصد سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی ماندہ امیدواروں کے انٹرویوز بھی آئندہ چند روز میں مکمل کر لیے جائیں گے۔ اس کے بعد حتمی میرٹ لسٹ کی تیاری شروع کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق سی ایس ایس 2025 میں مجموعی طور پر کامیاب امیدواروں کی شرح انتہائی کم رہنے کا امکان ہے، جو تقریباً اڑھائی فیصد ہو سکتی ہے۔ کم کامیابی کی یہ شرح ایک بار پھر سی ایس ایس امتحان کے سخت معیار اور مسابقتی نوعیت کو ظاہر کرتی ہے۔
واضح رہے کہ سی ایس ایس 2025 کے تحریری امتحانات میں ملک بھر سے ہزاروں امیدواروں نے شرکت کی تھی، تاہم ان میں سے صرف 2.77 فیصد امیدوار ہی تحریری مرحلہ کامیابی سے عبور کر سکے تھے۔ تحریری امتحان کے نتائج 22 اگست 2025 کو جاری کیے گئے تھے، جس کے بعد کامیاب امیدواروں کو انٹرویوز اور دیگر مراحل کے لیے طلب کیا گیا۔
امیدوار سی ایس ایس 2025 کے حتمی نتائج کے اعلان کے منتظر ہیں، کیونکہ اسی کے بعد مختلف سروسز میں تقرریوں کا عمل شروع ہوگا۔ سی ایس ایس امتحان کو پاکستان کے مشکل ترین اور معتبر ترین مقابلے کے امتحانات میں شمار کیا جاتا ہے، جس میں کامیابی نوجوانوں کے لیے اعلیٰ سرکاری عہدوں تک رسائی کا ذریعہ بنتی ہے۔