(ویب ڈیسک ) وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ نورین نیازی کی پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی، پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرنے والوں کو ہمیشہ رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، مسلم لیگ (ن) کی خواتین رہنمائوں نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے،مسلم لیگ (ن) کا ہر ورکر ملکی ترقی پر یقین رکھتا ہے، کارکن ہر مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہے،کارکنوں کی جانب سے دی گئی عزت کا مشکور ہوں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ کشمیریوں کا ایک ہی نعرہ ہے، کشمیر بنے گا پاکستان، دنیا بھر کے کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہجرت کرنے والوں کی قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی، ہجرت کرنے والے کشمیریوں کی حب الوطنی کو شک کی نگاہ سے نہیں دیکھنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے،جلاؤ گھیراؤ اور تشدد کی سازش کو ناکام بنائیں گے، کشمیر میں ہونے والے انتخابات بہت اہمیت کے حامل ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی نے اپنے بھائی کی سیاست کے پیچھے ایسے بیانات دیئے جو بھارتی میڈیا کی زینت بنے، نورین نیازی کے بیان پر عوام میں انتہائی غم و غصہ پایا جاتا ہے، پاکستان ہے تو سب کچھ قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی منفی ہتھکنڈے استعمال کرنے کی سیاست دفن ہو چکی ہے،خیبر پختونخوا کے مسائل پر انہوں نے کبھی تنقید نہیں کی، یہ اپنی سیاست کی خاطر پاکستان کو بدنام کرنا چاہتے ہیں،آج پوری دنیا میں پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ ہوا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ نورین نیازی کی پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی، پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرنے والوں کو ہمیشہ رسوائی کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ ہو رہا ہے، یہ سفر ہمیشہ جاری رہے گا۔