(ویب ڈیسک) فیفا فٹبال ورلڈکپ 2026 اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں فائنل میں اسپین اور ارجنٹینا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ سنسنی خیز مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہوگا، جس پر دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔
فائنل تک رسائی کے سفر میں ارجنٹینا نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر جگہ بنائی، جبکہ اسپین نے فرانس کو ہرا کر فیصلہ کن معرکے میں قدم رکھا۔
اسپین 2010 میں پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کے بعد اب دوسری بار ورلڈکپ فائنل کھیل رہا ہے۔ دوسری جانب ارجنٹینا کی ٹیم ساتویں مرتبہ فائنل میں پہنچی ہے اور اس سے قبل 1978، 1986 اور 2022 میں عالمی ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔
فٹبال شائقین کی توجہ خاص طور پر لیونل میسی پر مرکوز ہے، کیونکہ یہ ان کے کیریئر کا آخری ورلڈکپ میچ ثابت ہو سکتا ہے۔ مداح امید کر رہے ہیں کہ وہ اپنی ٹیم کو مسلسل دوسری بار عالمی چیمپئن بنانے میں کامیاب ہوں گے۔
تاہم، اعداد و شمار پر مبنی اوپٹا سپر کمپیوٹر نے اپنی پیشگوئی میں اسپین کو فیورٹ قرار دیا ہے۔ یہ مصنوعی ذہانت پر مبنی ماڈل ہزاروں ڈیجیٹل سیمولیشنز کے ذریعے ممکنہ نتائج کا اندازہ لگاتا ہے۔
اوپٹا نے 25 ہزار سیمولیشنز کے بعد پیشگوئی کی ہے کہ اسپین کے ورلڈکپ جیتنے کے امکانات 59.6 فیصد ہیں، جبکہ ارجنٹینا کے امکانات 40.4 فیصد بنتے ہیں۔
سپر کمپیوٹر کے مطابق اسپین کے مقررہ 90 منٹ میں کامیابی حاصل کرنے کا امکان 45 فیصد ہے، جبکہ میچ کے برابر ہونے اور اضافی وقت میں جانے کے امکانات 29 فیصد ہیں۔ دوسری جانب ارجنٹینا کے 90 منٹ میں کامیابی کے امکانات 26 فیصد بتائے گئے ہیں۔