ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ سخت بیانات کے بعد ایران کے حوالے سے جاری کشیدگی کو بات چیت کے ذریعے سلجھانے کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اہم اجلاس جمعے کے روز طلب کر لیا گیا ہے، جبکہ یورپی ممالک بھی ایران کے ساتھ جوہری تنازع پر مذاکرات کریں گے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایران نے باضابطہ طور پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست دی تھی، جسے چین، روس اور پاکستان کی حمایت حاصل ہے۔ اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور اسرائیل و ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ کی ایرانی وفد سے ملاقات بھی طے پا گئی ہے، جس میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی شریک ہوں گے۔ یہ مذاکرات جنیوا میں جمعے کے روز ہوں گے اور بعد ازاں ماہرین کی سطح پر بھی جامع مذاکرات (Structured Dialogue) کا آغاز کیا جائے گا۔
خبر ایجنسی کے مطابق یورپی وزرائے خارجہ اور ایرانی حکام کے درمیان یہ ملاقات امریکا کی رضا مندی سے ہو رہی ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ فریقین کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی راستہ اختیار کرنے میں سنجیدہ ہیں۔