ویب ڈیسک: اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے گزشتہ شب ایران کے متعدد اہم مقامات پر حملے کیے، جن میں اراک کا ہیوی واٹر نیوکلیئر ری ایکٹر بھی شامل ہے۔
فوجی ترجمان کے مطابق حملے میں ری ایکٹر کے "کور سیل کے ڈھانچے" کو نشانہ بنایا گیا، جو کہ پلوٹونیم کی تیاری کے عمل میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ یہ کارروائی ایران کے جوہری ہتھیاروں کی ممکنہ تیاری کو روکنے کے مقصد سے کی گئی۔
اسرائیلی فوج نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ نطنز میں واقع ایک ایسے مقام پر بھی حملہ کیا گیا جسے وہ " جوہری ہتھیاروں کی تیاری کی سائٹ" قرار دے رہا ہے۔ اس کے علاوہ ایران میں مختلف فیکٹریوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جو بیلسٹک میزائلوں کے پرزہ جات تیار کرتی ہیں۔
ان حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ متوقع ہے، جبکہ ایران کی جانب سے فی الحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔