تیزہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش،محکمہ موسمیات نےخوشخبری سنادی

تیزہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش،محکمہ موسمیات نےخوشخبری سنادی
کیپشن: اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں تیزہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: شدید گرمی کے بعد اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں آندھی طوفان اور گرج چمک کےساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی توقع ہےاور گزشتہ روز آنے والی آندھی و طوفان سے مختلف اضلاع میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ لاہور سمیت پورا صوبہ اس وقت شدید گرمی کے نرغے میں ہے اور سورج گزشتہ ہفتے سے آگ  کے گولے برسا رہا ہے، جس سے سڑکیں تندور کے مانند گرم اور پوری صورت حال سے شہری پریشان ہیں۔

دریں اثنا موسمیاتی ماہرین نے گرمی کے ستائے شہریوں کے لیے خوش خبری سنائی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بادل برسانے والا سسٹم پنجاب میں موجود ہے، جس کے تحت آج  لاہور میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔

لاہور میں درجہ حرارت کم از کم28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اورزیادہ سےزیادہ پارہ42 ڈگری تک جانے کے امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے دوبارہ خشک اور گرم موسم کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ اسلام آباد میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور سرگودھا میں بارش ہونے کی توقع ہے۔

خوشاب، منڈی بہاؤ الدین، حافظ آباد، گجرات، گوجرانوالہ، میانوالی، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، فیصل آباد، شیخوپورہ، جھنگ، نور پور تھل اور بھکر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

چترال، دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، صوابی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، کرم خیبر، وزیرستان، بنوں، کوہاٹ، ہنگو، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان اور گرد و نواح میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جب کہ ڈی آئی خان میں پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری جبکہ سب سے کم درجہ حرارت کالام اور دیر میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہناہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیاگیا ہے۔

 آندھی اور طوفان کےباعث حادثات

گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی اور طوفان کے باعث درخت اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے، جن میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ اور دو مرد شامل ہیں۔

زخمیوں میں 8 مرد، 3 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ نوشہرہ میں 6، پشاور اور مردان میں 2،2 جبکہ خیبر میں ایک شخص زخمی ہوا۔ طوفانی ہواؤں سے 3 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، جن میں سے ایک ایک گھر پشاور، مردان اور چارسدہ میں متاثر ہوا۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسمی حالات سے باخبر رہنے کی اپیل کی ہے۔

Watch Live Public News