کام محنت سے ہوتا ہے، جادو ٹونے سے نہیں ہوتا،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز

کام محنت سے ہوتا ہے، جادو ٹونے سے نہیں ہوتا،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز

(ویب ڈیسک)  وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جتنا کام ہم نے ڈیڑھ سال میں کیا اتنے 10 سال میں کبھی نہیں ہوئے۔کام محنت سے ہوتا ہے، جادو ٹونے سے نہیں ہوتا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے راولپنڈی میں الیکٹرو بس فیز ٹو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ہر آنے والا دن پچھلے دن سے بہتر ہوگا۔ 

انہوں نے راولپنڈی میں 30 ارب روپے سے سگنل فری کوریڈور بنانے کا اعلان کیا جبکہ رجانہ سے بھکر تک تھل ایکسپریس وے بنانے کا بھی اعلان کیا۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور کینسر ہسپتال کی تکمیل کے بعد اگلا کینسر ہسپتال راولپنڈی اور پھر ڈی جی خان میں بنایا جائے گا۔ انہوں نے راولپنڈی میں جلد از جلد بس اسٹیشن بنانے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے 100 ارب روپے سے دیہات میں نیا ڈرینیج اور سیوریج سسٹم لانے کا اعلان کیا اور حراسگی کے خلاف نیا قانون لانے کی بات بھی کی۔ 

انہوں نے کہا کہ 80 گرین بسیں پنڈی کے عوام کے لیے ہمارا چھوٹا تحفہ ہیں اور بہت سالوں بعد پنڈی کی وہی خوبصورتی اور صفائی نظر آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی آج چمک دمک اور ترقیاتی کاموں سے بھرپور ہے اور پنڈی کی عوام کی گرین بسیں ان کے سامنے کھڑی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نواز شریف فلائی اوور اڈیالہ روڈ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس سے عوام کو گھنٹوں کی مسافت سے نجات ملے گی۔ اسلام آباد ایکسپریس وے سے پشاور روڈ تک 25 کلومیٹر طویل، 9 انڈر پاس اور 3 فلائی اوور پر مشتمل سگنل فری کوریڈور بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سگنل فری کوریڈور کا کام 30 ارب روپے سے شروع ہوا ہے اور اگلے سال مکمل ہو جائے گا جبکہ اس سے روزانہ دو لاکھ افراد براہِ راست فائدہ اٹھائیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ ڈیڑھ سال میں جتنے کام سڑکوں اور ہسپتالوں میں پنڈی میں ہوئے کبھی نہیں ہوئے۔ راولپنڈی کی ہر گلی اور محلہ روزانہ صاف کیا جا رہا ہے اور پنجاب بھر میں ستھرا پنجاب کے ورکر لگن اور ایمانداری سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں پہلے بھی اگر کچھ کام ہوا تو نواز شریف یا شہباز شریف نے کیا یا پھر اب ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق راولپنڈی میٹرو شہباز شریف نے بنائی اور مری میں جتنے کام ہوئے نواز شریف نے کیے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سوا کبھی کسی نے پاکستان یا پنجاب میں ایک اینٹ نہیں لگائی، مخالف کہتے ہیں کام کرتی تو مسلم لیگ کرتی ہے اور کام آتا ہے تو انہی کو آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کا ذکر ہو تو گالیاں، دنگا فساد یاد آتا ہے اور نواز شریف کا نام سوچو تو انفراسٹرکچر اور ترقی ذہن میں آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ جب بھی آئی ملک نے ترقی کی اور جب نکالا گیا ملک پیچھے گیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں گزشتہ ایک سال میں 20 ہزار کلومیٹر سڑکیں بنی ہیں اور رواں سال ایک ہزار انٹر ویلج سڑکیں بننے جا رہی ہیں۔ پنجاب کے کسی شہر میں کوئی سڑک ٹوٹ پھوٹ والی نہیں رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ واہگہ سے لاہور تک پہلے ٹوٹا پھوٹا علاقہ تھا جو اب 14 کلومیٹر خوبصورت گرین ہیریٹیج کوریڈور بن چکا ہے اور ہر آنے والا سیاح اسے دیکھ کر خوش ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سڑکیں ہموار ہوتی ہیں تب ہی الیکٹرک بسیں چلتی ہیں۔ الیکٹرو بس فضا کو آلودہ نہیں کرے گی اور اس کا کرایہ صرف 20 روپے ہے جبکہ خواتین، بزرگ، خصوصی افراد اور طلبہ کے لیے سفر بالکل مفت ہے۔ خصوصی افراد کے لیے بس میں وہیل چیئر کی جگہ رکھی گئی ہے۔ یہ نئی بس وائی فائی اور موبائل چارجنگ پورٹس سے مزین ہے۔ بس میں خواتین کے لیے علیحدہ کمپارٹمنٹ اور حراسگی سے بچاؤ کے لیے سی سی ٹی وی مانیٹرنگ بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر تک 1100 گرین بسیں سڑکوں پر آجائیں گی اور ہر ضلع میں ایک جیسی سہولت ہوگی۔

مریم نواز نے کہا کہ دس ماہ میں ایک لاکھ گھر زیر تعمیر ہیں اور روزانہ 350 سے 400 گھر تعمیر ہو رہے ہیں۔ لوگوں کو کرائے کے مکانوں سے نجات مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پہلا کینسر ہسپتال جنوری میں علاج شروع کرے گا اور کوابلیشن مشین سے 20 کینسر مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔ سرگودھا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی فعال ہو گیا ہے، ساہیوال میں کارڈیک سینٹر بن چکا ہے اور لاہور میں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کلینک آن وہیل گھر گھر جا کر علاج کر رہا ہے۔ کینسر مریضوں سمیت دیگر ادویات 100 فیصد مفت ہیں اور دہلیز پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ ٹائپ ون کے بچوں کی انسولین بھی گھر بھیجی جا رہی ہے۔ 20 شہروں میں کارڈیالوجی سینٹرز بن رہے ہیں اور ایک سال میں ایئر ایمبولینس فراہم کر دی گئی ہے۔ 15 لاکھ خاندانوں کو راشن کارڈ مل رہے ہیں جس کے تحت ماہانہ 3000 روپے دیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ طلبہ اب رکشوں میں دھکے کھا کر سفر نہیں کریں گے۔ ہونہار اسکالرشپ سے 80 ہزار ذہین بچوں کو معاونت دی جا رہی ہے جبکہ 50 ہزار سرکاری اسکولوں میں مسنگ فیسلیٹیز پوری کی جا رہی ہیں۔ چند دنوں میں پنجاب میں کوئی اسکول ایسا نہیں ہوگا جہاں بچے زمین پر بیٹھ کر پڑھیں۔ اسکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کی جا رہی ہے اور اسکول میل پروگرام سے بچوں کی انرولمنٹ بڑھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اکتوبر اور نومبر میں سموگ میں 60 تا 70 فیصد کمی آئی ہے۔ فصلوں کی باقیات نہ جلانے، گاڑیوں کی فٹنس اور سموگ گنز سے بہتری آئی۔ پوٹھوہار ریجن میں پانی کی کمی ختم کی جا رہی ہے اور اسی سال ہر گھر تک پانی پہنچایا جائے گا۔ دیہات کو ماڈل ولیجز بنانے کا عمل جاری ہے اور 20 ہزار مزید ٹریکٹر اور ہائی ٹیک فارمنگ مشینری فراہم کی جا رہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب نیا آرڈیننس لایا ہے جس کے تحت زمین پر قبضے کا فیصلہ 30 دن میں ہوگا اور سینکڑوں قبضے ایک ہفتے میں واپس دلائے جا چکے ہیں۔ آسان کاروبار اسکیم سے 85 ارب روپے کے قرضے دیے جا چکے ہیں اور ستھرا پنجاب کی ڈیڑھ لاکھ فوج میدان میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ CCD کے کام سے 70 فیصد کرائم کم ہوا ہے، پنجاب کو اسلحہ سے پاک کیا جا رہا ہے اور تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بیٹی ہے تو کام کرے گی اور خوشی ہوتی ہے کہ والد اور چچا کے نام سے پہچانی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 80 مزید بسیں راولپنڈی کو مل رہی ہیں اور اگر پرفارمنس پر بات کی جائے تو بات ختم نہیں ہوگی۔

Watch Live Public News