ایشیاء کپ میں پاک بھارت ٹاکرا: سپرفورمرحلے کا شیڈول جاری

ایشیاء کپ میں پاک بھارت ٹاکرا: سپرفورمرحلے کا شیڈول جاری
کیپشن: ایشیاء کپ میں پاک بھارت ٹاکرا: سپرفورمرحلے کا شیڈول جاری

ویب ڈیسک: ایشیا کپ 2025 کے سنسنی خیز مقابلے اب سپر فور مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں اور کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے ابتدائی راؤنڈ کا ایک میچ بھارت اور عمان کے درمیان باقی ہے، جو کل کھیلا جائے گا، تاہم اس کے نتیجے کا سپر فور کے لیے ٹیموں کی فہرست پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

جاری کردہ پروگرام کے مطابق سپر فور مرحلے کے میچز 20 ستمبر سے شروع ہوں گے اور تمام مقابلے پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوں گے۔

پہلا میچ 20 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا جس میں بنگلہ دیش اور سری لنکا آمنے سامنے ہوں گے۔

اگلے روز یعنی 21 ستمبر کو سب سے زیادہ انتظار کیا جانے والا بڑا ٹاکرا ہوگا جب دبئی کے ہی میدان پر روایتی حریف پاکستان اور بھارت مدِمقابل ہوں گے۔

23 ستمبر کو ابوظہبی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مقابلہ ہوگا، جب کہ 24 ستمبر کو دبئی میں بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ سپر فور کے آخری دو مقابلے 25 ستمبر اور 26 ستمبر کو دبئی میں ہوں گے جن میں پہلے بنگلہ دیش پاکستان سے اور پھر بھارت سری لنکا سے ٹکرائے گا۔

ٹورنامنٹ کا فائنل 28 ستمبر بروز اتوار دبئی کے میدان پر سجیلا منظر پیش کرے گا، جس میں سپر فور مرحلے میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی دو ٹیمیں ٹائٹل کے لیے ایک دوسرے کا سامنا کریں گی۔ شائقین کرکٹ اس مرحلے کو انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں کیونکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ فائنل کا امکان ٹورنامنٹ کی کشش میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔

Watch Live Public News