ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی
کیپشن: ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے 22 اگست تک سندھ، بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں شدید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون کے طاقتور سلسلے ملک میں داخل ہو رہے ہیں جن کا زیادہ اثر جنوبی حصوں پر ہوگا۔ سندھ کے اضلاع کراچی، مٹھی، تھرپارکر، عمر کوٹ، میرپورخاص، حیدرآباد، شہید بینظیر آباد، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، ٹنڈوالہیار، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ اور جامشورو میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے، جبکہ سکھر، لاڑکانہ، خیرپور اور جیکب آباد میں بھی وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے اضلاع بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، ژوب، قلعہ سیف اللہ، خضدار، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر اور پنجگور میں بھی بارشوں، آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی پنجاب بشمول راولپنڈی، اٹک، مری، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور صوابی بھی بارشوں کے زیرِ اثر رہیں گے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ کے نشیبی علاقے بشمول کراچی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر، عمر کوٹ، میرپورخاص، حیدرآباد، شہید بینظیر آباد اور دیگر اضلاع میں طوفانی بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ بلوچستان کے شمالی اور جنوب مشرقی حصوں میں ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہو سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق تیز بارشیں اور آندھیاں کچی عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز اور سولر پینلز جیسے کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ عوام، مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور تازہ ترین موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Watch Live Public News