(ویب ڈیسک ) قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے سابق بھارتی کپتان دھونی کا اہم ریکارڈ توڑ دیا۔
جمعرات کو کیپ ٹاؤن مین کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 81 رنز سے ہرا کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی۔
جنوبی افریقہ کی دعوت پر پاکستان ٹیم 49.5 اوورز میں 329 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان محمد رضوان 80 ، بابر اعظم 73اور کامران غلام 63 رنز بناکر نمایاں رہے۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم 330 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 248 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جنوبی افریقہ خلا ف دوسرے ون ڈے میں نصف سنچری کرنے کے بعد بابر اعظم نے دھونی کا ریکارڈ توڑ دیا۔قومی بیٹر SENA ممالک( جنوبی افریقہ،انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا) کے خلاف تمام فارمیٹس میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں اسکور کرنے والے بیٹر بن گئے ہیں۔
بابراعظم نے ان ممالک کیخلاف اب تک 39 نصف سنچریاں اسکو ر کی ہیں ۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے یہ ریکارڈ بھارت کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے پاس تھا جنہوں نے اپنے کیریئر میں جنوبی افریقا،انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف تمام فارمیٹس میں 38 نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔