توشہ خانہ 2 کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 10، 10 سال سزا

توشہ خانہ 2 کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 10، 10 سال سزا
کیپشن: ویب ڈیسک: توشہ خانہ 2 کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 10، 10 سال سزا

ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا ہے، جس میں دونوں کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو دفعہ 409 کے تحت 10، 10 سال قید کی سزا، اور دفعات 5، 2، 47 کے تحت 7، 7 سال کی سزا دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں دونوں کو مجموعی طور پر 17 سال کی سزا سنائی گئی۔ اس طرح، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو مجموعی طور پر 34 سال کی سزا ہوئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں ہوئی، جہاں اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کیس کا فیصلہ سنایا۔ اس کیس کی آخری سماعت 16 اکتوبر کو اڈیالہ جیل میں ہوئی تھی، جس کے بعد تین بار سماعت ملتوی ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ایک کروڑ روپے جرمانے کی بھی سزا سنائی ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 میں دوبارہ توسیع کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، دفعہ 144 کا نفاذ 24 دسمبر تک برقرار رہے گا۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اس دوران شہر میں جلسے، جلوس، اور ریلیوں کے انعقاد پر مکمل پابندی ہوگی، اور چار یا اس سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

Watch Live Public News