ویب ڈیسک: عالمی اور مقامی صرافہ بازاروں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، جس کے باعث سرمایہ کاروں اور خریداروں کی توجہ ایک بار پھر قیمتی دھاتوں کی جانب مبذول ہو گئی ہے۔
جمعہ 20 فروری کو بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 25 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 5 ہزار 37 ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی۔
عالمی مارکیٹ میں اضافے کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی مرتب ہوئے، جہاں فی تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار 500 روپے بڑھ کر 5 لاکھ 26 ہزار 462 روپے ہو گئی۔ اسی طرح فی دس گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 144 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 51 ہزار 356 روپے مقرر کی گئی۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ فی تولہ چاندی 170 روپے مہنگی ہو کر 8 ہزار 574 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ فی دس گرام چاندی کی قیمت 145 روپے اضافے کے بعد 7 ہزار 350 روپے ہو گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، کرنسی مارکیٹ کی صورتحال اور سرمایہ کاروں کا رجحان قیمتی دھاتوں کی قیمتوں پر اثر انداز ہو رہا ہے۔