ویب ڈیسک: جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں تنزانیہ کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے رنز کی بارش کر دی اور نئے ریکارڈ قائم کر دیئے۔
پیر کو آئی سی سی مینز انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا نے تنزانیہ کے خلاف ایک بھرپور اننگز کا آغاز کیا۔ جنوبی افریقی ٹیم نے 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا، جو اس ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اسکور بن گیا ہے۔
یہ 397 رنز نہ صرف اس ورلڈ کپ کا سب سے بڑا اسکور ہے، بلکہ جنوبی افریقی انڈر 19 ٹیم کی تاریخ کا بھی سب سے بڑا اسکور ہے۔
اس شاندار کارکردگی کا کریڈٹ کپتان محمد بلبلیا کو جاتا ہے، جنہوں نے 108 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ساتھ ہی جیسن رولز نے ناقابلِ شکست 125 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کی۔
398 رنز کے بھاری ہدف کے تعاقب میں تنزانیہ کی انڈر 19 ٹیم محض 68 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اور یوں جنوبی افریقا نے یہ میچ 329 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا۔
یہ نہ صرف انڈر 19 ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑی جیت ہے، بلکہ جنوبی افریقا کے لیے بھی اس کی سب سے بڑی کامیابی ثابت ہوئی۔