ویب ڈیسک: سینیٹ سیکریٹریٹ نے آج باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے سینیٹر راجہ ناصر عباس کو سینیٹ میں قائد حزب اختلاف مقرر کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے۔
سینیٹ کے قواعد و ضوابط کے تحت چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر راجہ ناصر عباس کو قائد حزب اختلاف مقرر کرنے کی منظوری دی، جس کے بعد تقرری کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اس فیصلے کے تحت راجہ ناصر عباس اب ایوان بالا میں اپوزیشن کی قیادت کے تمام آئینی اور قانونی اختیارات کے حامل ہوں گے۔

سینیٹ سیکریٹری حفیظ اللہ شیخ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں تمام متعلقہ حکام، وفاقی و صوبائی اداروں، وزارتوں، میڈیا اور سینیٹ کے اراکین کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ صدرِ مملکت، وزیر اعظم، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، لیڈر آف دی ہاؤس اور دیگر متعلقہ حکام کو بھی اس تقرری سے آگاہ کیا گیا ہے تاکہ سرکاری اور پارلیمانی امور میں اس کا اطلاق یقینی بنایا جا سکے۔
یہ تقرری سینیٹ میں اپوزیشن کے مؤثر کردار کو مضبوط بنانے اور پارلیمانی عمل کو مزید فعال بنانے کے لیے اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔