حادثے کے وقت وزیراعلیٰ اور وزراء کا پہنچنا ضروری نہیں، شہلا رضا

حادثے کے وقت وزیراعلیٰ اور وزراء کا پہنچنا ضروری نہیں، شہلا رضا
کیپشن: حادثے کے وقت وزیراعلیٰ اور وزراء کا پہنچنا ضروری نہیں، شہلا رضا

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کہا ہے کہ حادثے کے وقت وزیراعلیٰ اور وزراء کا پہنچنا ضروری نہیں، سب سے اہم ریسکیو عملے کا فوری طور پر موقع پر پہنچنا اور راستہ فراہم کرنا ہوتا ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہلا رضا نے کہا کہ گل پلازا کا واقعہ ایک سانحہ بن چکا ہے اور وہ اس پر پوائنٹ اسکورنگ نہیں کرنا چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی وجہ سے امدادی عملے کو پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں، کیونکہ گل پلازا کے 26 میں سے 24 راستے بند تھے۔

شہلا رضا نے بتایا کہ گل پلازا 1980 میں بنایا گیا تھا، جس میں 180 دکانیں تھیں۔ بعد میں گراؤنڈ فلور اور پہلے فلور پر مزید دکانیں بنائی گئیں اور 1998 میں اس میں اضافی دکانوں کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ پلازے کی پارکنگ اور کوریڈور میں بھی دکانیں بنائی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گل پلازا میں ہونے والی ہلاکتوں کو کرمنل ایکٹ سے نہیں جوڑا جا سکتا۔ نیوزی لینڈ میں جب آگ لگی تھی تو 40 افراد جاں بحق ہوئے تھے اور کیلیفورنیا کے جنگلات میں بھی آگ گھروں تک پہنچتی ہے۔ یہ ایک قدرتی واقعہ ہے، ہو جاتا ہے۔

شہلا رضا نے مزید کہا کہ لاہور کے حفیظ سینٹر میں سال میں تین بار آگ لگ چکی ہے، لیکن وہاں سیاست نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایک واقعے کو بنیاد بنا کر پورے صوبے اور 18ویں ترمیم تک بات لے جانا عجیب ہے۔

Watch Live Public News