عبداللہ شفیق کی تاریخی اننگز، پاکستان گال ٹیسٹ جیت گیا

عبداللہ شفیق کی تاریخی اننگز، پاکستان گال ٹیسٹ جیت گیا
سری لنکا نے مہمان ٹیم پاکستان کو جیت کے لئے 342 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔ عبداللہ شفیق نے گال ٹیسٹ میں تاریخی اننگز کھیل کر قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 160 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ منگل کو گال ٹیسٹ کے چوتھے روز میزبان سری لنکا نے گذشتہ روز کے سکور 329 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تھا۔ چندی مل 86 اور جے سوریا 4 رنز پر کھیل رہے تھے تاہم چوتھے روز سری لنکا کے مجموعی سکور میں محض 8 رنز کا اضافہ ہو سکا اور جے سوریا نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اس طرح سری لنکا کی ٹیم دوسری اننگز میں 337 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ مڈل آرڈر بیٹر دنیش چندی مل94 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل ہیں۔ پاکستان نے 342 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز کا پراعتماد انداز میں آغاز کیا۔ اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 86 رنز بنائے۔ پاکستان کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب امام الحق 35 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ https://twitter.com/TheRealPCB/status/1549686542813347841?s=20&t=XRngaq0N4r9BkT6ivglFzg اظہر علی بھی کچھ دیر کے بعد صرف 6 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ اس موقع پر کپتان بابر اعظم نے عبداللہ شفیق کے ساتھ مل کر ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں بیٹرز نے 101 رنز کی شراکت قائم کی۔ بابر اعظم 55 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ عبداللہ شفیق نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی دوسری ٹیسٹ سنچری مکمل کی۔ پاکستان کو آخری روز 120 رنز درکار تھے جب کہ سری لنکا کو 7 وکٹیں چاہیے تھیں۔ بدھ کو کھیل کے آخری روز پاکستان نے محتاط انداز اختیار کیا۔ عبداللہ شفیق اور محمد رضوان نے رنز کی رفتار کو آگے بڑھایا۔ تاہم محمد رضوان 40 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد آغا سلمان 12 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ حسن علی صرف پانچ رن بن اسکے اور اونچی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔ گال ٹیسٹ میچ کی خاص بات قومی ٹیم کے ٹیسٹ اوپنر عبداللہ شفیق کی شاندار کارکردگی تھی۔ انہوں نے زبردست بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ انہوں نے 160 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ https://twitter.com/iamzohaib_iqbal/status/1549688518162759683?s=20&t=2mfAGx-tl4pSoBlJQA9msg عبداللہ شفیق نے ابتدائی 6 ٹیسٹ میچوں میں زیادہ رنز بنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی اسی میچ میں توڑا۔ سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں عبداللہ شفیق نے ناقابل شکست سنچری سکور کرکے ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کروایا۔ ان سے قبل سابق پاکستانی کپتان لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد نے اپنے ابتدائی 6 ٹیسٹ میچوں میں 652 رنز بنائے تھے۔ https://twitter.com/TheRealPCB/status/1549683291812495360?s=20&t=XRngaq0N4r9BkT6ivglFzg گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں عبداللہ شفیق نے کہا تھا کہ گال ٹیسٹ میں ٹیم کو فتح دلوانا میرا ہدف ہے۔ منگل کو گال ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پوسٹ میچ پریس کانفرنس کے دوران عبداللہ شفیق نے کہا کہ یہ سنچری میرے لئے بہت خاص ہے کیونکہ گال میں چوتھی اننگز میں بیٹنگ کرنا آسان نہیں ہے۔ عبداللہ شفیق کا کہنا تھا کہ ہمارا پلان یہی تھا کہ ہم نے ہدف کا تعاقب کرنا ہے ، ہم نے ہدف کے قریب پہنچنے کے لئے سیشن سے سیشن تک چھوٹے چھوٹے ٹارگٹ رکھے ۔ انہوں نے کہا کہ جے سوریا نے اچھی بائولنگ کی، اس پچ پر انہیں کھیلنا مشکل تھا۔ ہم نے جے سوریا کو نشانہ بنایا اور اس کے خلاف سکور کرنے کے مواقع پیدا کئے۔ https://twitter.com/iramizraja/status/1549690208467275777?s=20&t=03fC8FJKzBDQaPJPu1YQlA انہوں نے کہا کہ بابراعظم بہترین بیٹر ہیں اور میں ہمیشہ ان سے سیکھتا ہوں، ان کے ساتھ بیٹنگ کرکے کافی مدد ملی، وہ میری رہنمائی کرتے رہے۔ بابراعظم کے آئوٹ ہونے کے بعد میری ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے ، میری یہی کوشش تھی کہ وکٹ نہ دی جائے۔ عبداللہ شفیق نے کہا کہ میرا ہدف آخری روز ملک کے لئے یہ میچ جیتنا ہے۔ دوسری جانب نے گال ٹیسٹ میں بہترین پرفارمنس پیش کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور عبداللہ شفیق سمیت تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی ہے.

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔