ویب ڈیسک: ایران نے "آپریشن وعدۂ صادق سوم" کے تحت جنوبی اسرائیل میں ایک اور میزائل حملہ کیا ہے، جس سے متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئی ہیں، جب کہ کئی علاقوں میں دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بحیرۂ مردار میں ڈرونز کی دو بار پروازوں کے بعد میزائل داغے گئے، حملے میں کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی البتہ جنوبی اسرائیل کے علاقے بیرشیبا میں سینکڑوں گاڑیوں کی تباہی کی اطلاعات آئی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق آپریشن وعدہ صادق سوم کے تحت میزائل حملے کی چودھویں لہر اٹھی جس کی ایران نے ویڈیو بھی جاری کی، اس لہر میں اسرائیلی فوج کے کمانڈ اور انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری طرف اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ رات بھر تہران میں درجنوں حملے کیے، ان حملوں میں 60 طیاروں نے حصہ لیا اور 120 اہداف کو نشانہ بنایا، ان حملوں میں میزائل بنانے والی فیکٹریوں کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا گیا۔
اسرائیلی حکام نے جنوبی اسرائیل میں ایرانی حملے کے بعد بیرشیبا کا ریلوے سٹیشن بند کر دیا ہے، شہریوں کو متاثرہ مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی، بتایا گیا ہے کہ یہ میزائل حملہ براہ راست داغا گیا ہے، اسے دفاعی نظام روکنے میں ناکام رہا۔
اسرائیلی ایمرجنسی سروسز نے حملے میں ہلاکتوں کی اطلاع نہیں دی، صرف کچھ افراد زخمی ہونے کا بتایا ہے۔
قطری نشریاتی ادارے کے مطابق بیرشیبا میں ابھی ہدف کا پتا نہیں چل سکا، البتہ متاثرہ مقامات سے دھواں اٹھتا نظر آ رہا ہے، اس علاقے میں سائرن بج رہے ہیں، اسرائیلی فوج کے مطابق میزائل کو ناکارہ بنانے کی کوشش جاری ہے۔
اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے ایرانی میزائلوں کے حملے کا پتا چلا لیا ہے اور دفاعی نظام ان کو ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے، جس کے بعد اطلاعات دی جائیں گی۔
قبل ازیں ایران نے آپریشن وعدہ صادق سوم کے تحت اسرائیل پر دوبارہ میزائل داغے اور ڈرون حملے کیے جن سے فوج کے کمانڈ اور انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔
سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا پیغام
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ اللہ بہت رحیم ہے اور وہ ایران کو بڑی فتح سے نوازے گا کیونکہ ہم سچے اور حق پر کھڑے ہیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں خامنہ ای نے اپنی قوم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’میرے قوم کے لوگوں اگر آپ تھوڑا سا بھی مایوسی کا شکار ہوئے تو دشمن آپ کو مزید ڈرائے گا اور آپ کو نہیں چھوڑے گا۔
انہوں نے اپنی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اب تک آپ نے دشمن کے خلاف اپنے اتحاد سے جو رویہ اپنایا ہے اُسے بھرپور طاقت کے ساتھ جاری رکھیں۔
خامنہ ای نے قرآن کی آیت کا ترجمہ بھی شیئر کیا ’فتح صرف اللہ کی طرف سے ہے جو غالب اور حکمت والا ہے‘ ۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کاپیغام
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بتایا کہ اسرائیلی فوجی کمان، کنٹرول، انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز اور ایک اہم ہدف کو نشانہ بنایا، دھماکے سے ملٹری ہسپتال کے ایک چھوٹے سے حصے کو معمولی نقصان پہنچا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ اسرائیلی شہری ہماری جانب سے دی گئی انخلا کی ہدایات پرعمل کریں، اسرائیلی شہری فوجی و انٹیلی جنس مقامات کے قریب جانے سے گریز کریں، ہماری فوج ایرانی عوام کو نشانہ بنانے والے مجرموں کو نشانہ بناتی رہے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل نے سینکڑوں بے گناہ ایرانیوں کو بے دردی سے قتل کیا ہے، ایرانی میڈیا نے بتایا کہ ایران پر اسرائیلی حملوں میں اب تک 639 افراد شہید ایک ہزار 220 زخمی ہوئے۔