پاکستان کیخلاف عوام کو اکسایا جا رہا ہے، جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، سردار عتیق احمد خان

پاکستان کیخلاف عوام کو اکسایا جا رہا ہے، جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، سردار عتیق احمد خان
کیپشن: پاکستان کیخلاف عوام کو اکسایا جا رہا ہے، جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، سردار عتیق احمد خان

ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان کے خلاف عوام کو اکسایا جا رہا ہے، جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، جبکہ پاک فوج میں بغاوت کی بات کرنے والوں کو سخت سزا دی جانی چاہیے۔

اسلام آباد میں ہونے والی ایک پریس کانفرنس کے دوران آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت نے موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی رہنما نبیلہ ایوب سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام محب وطن ہیں، تاہم بعض عناصر انہیں ریاست پاکستان کے خلاف اکسا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج میں بغاوت کا مطالبہ کرنے والے عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ایک منظم ادارہ ہے اور کشمیری عوام ہمیشہ اس کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نہ صرف ملکی دفاع بلکہ حرمین شریفین کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کے مطابق بعض حلقے پاکستان کی معیشت سے متعلق منفی تاثر پھیلاتے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کی اہمیت عالمی سطح پر تسلیم کی جا رہی ہے۔

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا کہ حکومت پاکستان نے آزاد کشمیر کے عوام کو نسبتاً سستا آٹا اور بجلی فراہم کی ہے۔ ان کے مطابق ایک کالعدم ایکشن کمیٹی انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم آزاد کشمیر کے 99 فیصد عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض عناصر سرکاری اداروں اور ہسپتالوں تک کو نشانہ بنا رہے ہیں اور فوج میں خدمات انجام دینے والے کشمیریوں کو اکسانے کی کوشش کر رہے ہیں، جو قابلِ مذمت ہے۔

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی رہنما نبیلہ ایوب نے کہا کہ پاک فوج ملک کی سرحدوں کی محافظ ہے اور اس کے خلاف بغاوت کی باتیں ناقابلِ قبول ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چند افراد پاکستان مخالف ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، جن کا کشمیری عوام سے کوئی تعلق نہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران کالعدم ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں اور مبینہ ریاست مخالف بیانیے سے متعلق ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی، جس میں مختلف واقعات کے شواہد پیش کیے گئے۔

Watch Live Public News