اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا اور ایران کے مذاکرات کل سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا اور ایران کے مذاکرات کل سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے، ترجمان دفتر خارجہ
کیپشن: اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا اور ایران کے مذاکرات کل سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے، ترجمان دفتر خارجہ

ویب ڈیسک: ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت تکنیکی سطح کے مذاکرات 21 جون کو سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ہوں گے۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ ان مذاکرات میں امریکا، ایران، پاکستان اور قطر کے نمائندے شریک ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق یہ مذاکرات اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد فالو اپ کے طور پر تکنیکی سطح پر منعقد کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان بطور ثالث مذاکراتی عمل کو سہولت فراہم کرتا رہے گا اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے شدہ سمجھوتے کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔

دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے پیش رفت مثبت ہے اور ممکن ہے کہ آئندہ دنوں میں پیش رفت سامنے آئے۔ ان کے مطابق وہ خود بھی آئندہ دو روز میں سوئٹزرلینڈ کا دورہ کر سکتے ہیں، جبکہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پہلے ہی وہاں موجود ہیں۔

ادھر ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایرانی مذاکراتی ٹیم جلد سوئٹزرلینڈ روانہ ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق ایران مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد اور طے شدہ وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اپنی ذمہ داریاں پوری کر چکا ہے اور توقع رکھتا ہے کہ دوسرا فریق بھی اپنے وعدوں پر عمل کرے۔ ان کے مطابق اگر معاہدے کی خلاف ورزی جاری رہی تو سمجھوتہ خطرے میں پڑ سکتا ہے اور ایران جوابی اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

Watch Live Public News