ویب ڈیسک:اسلام آباد کی عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے مزید دو کیسز میں عمران خان کو بری کردیا۔
تفصیلا ت کے مطابق اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال نے لانگ مارچ کے دوران توڑپھوڑ کے کیسز میں عمران خان اور دیگر کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر ملزمان پر لانگ مارچ کے دوران لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے،اگر پبلک کو عمران خان اور دیگر نے اکسایا تو پراسیکیوشن کو بادی النظر میں ثابت بھی کرنا ہوگا۔
عدالت نے مزید ریمارکس دیئے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر کے خلاف کوئی ثبوت عدالت میں جمع نہیں کروایاگیا، تمام ملزمان کے خلاف کیس چلانے کے لیے ریکارڈ ناکافی ہے۔
بعد ازاں عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے مزید 2 کیسز میں عمران خان کو بری کردیا۔
اس کے علاوہ عدالت نے شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، سیف اللہ نیازی اور عامرکیانی، علی نواز اعوان، راجہ خرم، فیصل جاوید ، شیخ رشید اور شیریں مزاری کو بھی بری کردیا۔
واضح رہےکہ اسلام آباد کی عدالت نے گزشتہ روز بھی تھوڑ پھوڑ کے دو کیسز میں عمران خان کی بریت کی درخواست منظور کی تھی۔