ویب ڈیسک: ریاض: پاکستان کے معروف جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم نے اسلامی یکجہتی گیمز کے جیولن تھرو مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
مقابلے کے دوران ارشد ندیم نے پہلی کوشش میں 75 اعشاریہ 44 میٹر کی تھرو کی، جبکہ دوسری کوشش میں سب سے طویل تھرو کرتے ہوئے 83 اعشاریہ 05 میٹر تک جیولن پھینکا۔ ان کی یہ تھرو نہ صرف ان کے لئے سونے کا تمغہ لے کر آئی، بلکہ ان کی پختگی اور مہارت کا بھی مظہر ثابت ہوئی۔
تیسرے راؤنڈ میں ارشد نے 82 اعشاریہ 48 میٹر کی تھرو کی، جس کے بعد وہ پہلے نمبر پر رہے۔ ان کے ہم وطن محمد یاسر سلطان نے بھی شاندار پرفارمنس دکھائی اور چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ یاسر نے چوتھی کوشش میں 71 اعشاریہ 38 میٹر اور پانچویں کوشش میں 71 اعشاریہ 79 میٹر کی تھرو کی۔
اس مقابلے میں نائیجیریا کے سیمویل ایڈمز نے 76.01 میٹر کی تھرو کے ساتھ برانز میڈل حاصل کیا۔ ارشد ندیم کی پانچویں کوشش اس دن کا واحد فیلور تھا۔
اس شاندار کامیابی پر پاکستان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، اور ارشد ندیم کی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کی کوششیں مزید سراہا گئیں۔