پاک بحریہ کی بحیرہ عرب میں بڑی کارروائی، کروڑوں ڈالر مالیت کی منشیات برآمد

پاک بحریہ کی بحیرہ عرب میں بڑی کارروائی، کروڑوں ڈالر مالیت کی منشیات برآمد
کیپشن: پاک بحریہ کی بحیرہ عرب میں بڑی کارروائی، کروڑوں ڈالر مالیت کی منشیات برآمد

ویب ڈیسک: ویب ڈیسک: پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں بڑی کارروائی کے دوران مشتبہ ماہی گیروں کی ایک کشتی سے 130 ملین ڈالر مالیت کی منشیات برآمد کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں انسداد منشیات کی ایک بڑی کارروائی میں 130 ملین ڈالر مالیت کی 2 ہزار کلو گرام سے زائد میتھم فیٹامائن (آئس) برآمد کر لی ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ آپریشن پی این ایس تبوک نے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی گشت کے دوران کیا۔ یہ آپریشن سعودی قیادت میں کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (سی ایم ایف) کی ٹاسک فورس 150 کے تعاون سے کیا گیا۔

آپریشن کے دوران مچھلی پکڑنے والی مشتبہ کشتی کو روک کر تلاشی کے دوران بھاری مقدار میں آئس برآمد کر لی گئی۔

ترجمان کے مطابق یہ اینٹی نارکوٹکس آپریشن گزشتہ دو ماہ میں پاک بحریہ کا مسلسل تیسرا کامیاب آپریشن ہے۔

پاک بحریہ نے کہا ہے کہ وہ خطے میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور اس طرح کی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔

Watch Live Public News