ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات کے کلائمیٹ ڈیٹا پروسیسنگ سنٹر نے اعلان کیا ہے کہ سال 2025 کا دوسرا سورج گرہن 21 اور 22 ستمبر کی درمیانی شب رونما ہوگا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق یہ نایاب فلکیاتی مظاہر دنیا کے مختلف حصوں میں دیکھا جا سکے گا، تاہم پاکستان میں یہ منظر قابلِ مشاہدہ نہیں ہوگا۔
محکمہ کے مطابق سورج گرہن کا آغاز 21 ستمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔ اس کے بعد 22 ستمبر کی رات 12 بج کر 42 منٹ پر یہ گرہن اپنے عروج پر پہنچے گا، جب سورج کا بڑا حصہ چاند کے سائے میں چھپ جائے گا۔ جزوی سورج گرہن کا اختتام رات 2 بج کر 54 منٹ پر متوقع ہے۔ اگرچہ یہ شاندار مظاہرہ پاکستان میں نظر نہیں آئے گا، لیکن ایشیا کے کچھ حصوں، یورپ، شمالی امریکا اور افریقہ کے مخصوص خطے اس منظر سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
ماہرین فلکیات نے شوقیہ ناظرین اور محققین کو مشورہ دیا ہے کہ جن ممالک میں گرہن دکھائی دے گا وہاں لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سورج گرہن کو براہِ راست آنکھ سے دیکھنے سے گریز کریں۔ اس کے لیے خصوصی فلٹر والے چشمے یا ٹیلی اسکوپ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ آنکھوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں چاند گرہن کا دلکش اور یادگار منظر دیکھا گیا تھا، جسے ہزاروں فلکیاتی شوقین افراد نے محفوظ بھی کیا۔ اب یہ دوسرا سورج گرہن بھی ماہرین فلکیات کے لیے تحقیق اور مشاہدے کا اہم موقع فراہم کرے گا، جس سے سورج، زمین اور چاند کے باہمی تعلقات کے بارے میں مزید سائنسی معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔ عالمی سطح پر یہ گرہن فلکیاتی کیلنڈر کے اہم واقعات میں شمار کیا جا رہا ہے۔